ایک ایمان افروز واقعہ۔۔۔۔۔ اسلامی واقعات


سیدنا عباس رضی اللہ عنہ کا گھر مسجد نبوی ﷺ کے ساتھ تھا۔۔۔۔ اور اس مکان کا پرنالہ مسجد کی طرف تھا جب بارش ہوتی تو پرنالہ سے پانی گرتا جس کے چھینٹے نمازیوں پر پڑتے۔۔۔۔ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے نمازیوں پر چھینٹے پڑتے دیکھے تو پرنالے کو اکھاڑ پھینکا۔۔۔۔ سیدنا عباس آئے دیکھا ان کے مکان کا پرنالہ اتار دیا گیا ہے۔۔۔۔ پوچھا یہ کس نے اتارا۔۔۔۔ جواب ملا امیر المومنین نے نمازیوں پر چھینٹے پڑتے دیکھے تو انہوں نے اتار دیا۔۔۔۔ سیدنا عباس نے قاضی کے سامنے مقدمہ دائر کر دیا۔۔۔۔ چیف جسٹس ابی بن کعب رضی اللہ عنہ ہیں۔۔۔۔  امیر المومنین ابی بن کعب رضی اللہ عنہ کی عدالت میں پیش ہوئے تو جج صاحب لوگوں کے مقدمات سن رہے ہیں اور سیدنا عمر رضی اللہ عنہ عدالت کے باہر انتظار کر رہے ہیں۔۔۔۔ کافی انتظار کے بعد جب سیدنا عمر رضی اللہ عنہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے تو بات کرنے لگے۔۔۔۔ 



مگر ابی بن کعب رضی اللہ عنہ نے روک دیا کہ پہلے مدعی کا حق ہے کہ وہ اپنا دعوی پیش کرے۔۔۔۔ یہ عمر رضی اللہ عنہ کے دور کا چیف جسٹس ہے۔۔۔۔ سیدنا عباس رضی اللہ عنہ دعوی پیش کرتے ہیں کہ میرے مکان کا پرنالہ شروع سے مسجد نبوی کی طرف تھا۔۔۔۔ زمانہ نبوی کے بعد سیدنا ابوبکر  رضی اللہ عنہ کے دور میں بھی یہیں رہا لیکن عمر نے میرے مکان کا پرنالہ میری عدم موجودگی میں میری اجازت کے بغیر اتار دیا ہے۔۔۔۔ لہذا مجھے انصاف چاہیے۔۔۔۔  چیف جسٹس ابی بن کعب رضی اللہ عنہ کہتے ہیں آپ بے فکر رہیں آپ کو انصاف ملے گا۔۔۔۔ قاضی  نے سیدنا عمر  رضی اللہ عنہ سے پوچھا آپ نے سیدنا عباس  رضی اللہ عنہ کے گھر کا پرنالہ کیوں اتارا۔۔۔۔  بائیس لاکھ مربع میل کا حاکم کٹہرے میں کھڑا ہو کر کہتا ہے۔۔۔۔  سیدنا عباس کے مکان کا پرنالہ مسجد نبوی کی طرف تھا جب بارش ہوتی ہے پرنالے سے پانی بہتا ہے اور چھینٹے نمازیوں پر پڑتے ہیں جس سے نمازیوں کو پریشانی ہوتی ہے اس لیے میں نے اسے اتار دیا۔۔۔۔  ابی بن کعب  رضی اللہ عنہ نے دیکھا کہ سیدنا عباس  رضی اللہ عنہ کچھ کہنا چاہ رہے ہیں۔۔۔۔ پوچھا آپ کیا کہنا چاہتے ہیں؟؟  سیدنا عباس  رضی اللہ عنہ کہتے ہیں یہ جس جگہ میرا مکان ہے یہاں رسول پاک ﷺ نے اپنی چھڑی سے مجھے نشان لگا کر دیا اور میں نے اسی جگہ مکان بنایا پھر جب پرنالہ نصب کرنے کا وقت آیا تو رسول پاک ﷺ نے کہا چچا میرے کندھے پر کھڑے ہو کر اس جگہ پرنالہ نصب کر دیں میں نے نبی پاک ﷺ کے کندھے پر کھڑا ہونے سے انکار کیا مگر بھتیجے کے اصرار پر میں نے ان کے کندھے پر کھڑا ہو کر یہاں پرنالہ نصب کیا۔۔۔۔  یہاں پرنالہ نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے خود لگوایا تھا۔۔۔۔  ابی بن کعب نے پوچھا اس کا کوئی گواہ ہے آپ کے پاس۔۔۔۔  سیدنا عباس جلدی سے باہر گئے اور کچھ انصار کو لے کر آئے انہوں نے گواہی دی کہ سیدنا عباس سچ کہہ رہے ہیں۔۔۔۔  یہ سنتے ہی سیدنا عمر کے ہوش اڑ گئے اور رونے لگے، آنسوؤں کی جھڑی لگ گئی۔۔۔۔  اپنا پیارا نبی یاد آ گیا۔۔۔۔  اور زمانہ نبوی کا منظر نظروں میں گھوم گیا۔۔۔۔  عدالت میں سب کے سامنے یہ بائیس لاکھ مربع میل کا حاکم سر جھکائے کھڑا ہے۔۔۔۔  جس کا نام سن کر قیصر و کسری کے ایوانوں میں لرزہ طاری ہو جاتا تھا،  سیدنا عباس سے کہا مجھے نہیں معلوم تھا کہ یہ پرنالہ رسول پاک ﷺ نے خود لگوایا ہے۔۔۔۔  آپ چلیے میرے ساتھ جیسے رسول پاک ﷺ نے یہ پرنالہ لگوایا تھا ویسے ہی آپ لگائیں۔۔۔۔  چشم کائنات نے دیکھا!  وقت کا حاکم دونوں ہاتھ مکان کی دیوار سے ٹکا کر کھڑا ہو گیا بالکل اسی طرح جیسے رسول پاک ﷺ کھڑے ہوئے تھے۔۔۔۔  سیدنا عباس امیر المومنین کے کندھوں پر کھڑے ہوئے اور دوبارہ اسی جگہ پرنالہ لگا دیا۔

صحابہ رضوان اللہ اجمعین کے مکانات ص 68

No comments:

Powered by Blogger.